ڈرائیونگ لائسنس ری نیو کروانے والوں کو بڑی سہولت مل گئی،آسانیاں ہی آسانیاں

موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ کے آغاز نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا اور تجدید کے خواہشمند شہریوں کے لیے برسوں پرانی مشکلات ختم کر دی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس جدید منصوبے کا افتتاح کیا، جس کے بعد عوام کو اب پولیس اور لائسنسنگ کی مختلف خدمات اُن کے دروازے پر دستیاب ہوں گی۔

افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے موبائل پولیس اسٹیشن کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور موقع پر موجود عملے سے تبادلہ خیال بھی کیا۔

یہ منصوبہ شہریوں کو ایف آئی آر کے اندراج، ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء و تجدید سمیت کئی اہم سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کرے گا۔ موبائل اسٹیشن میں لرنر، ریگولر، انٹرنیشنل اور خواتین کے لیے خصوصی لائسنسنگ کی سہولت بھی رکھی گئی ہے۔

تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ کی چابیاں متعلقہ افسران کے سپرد کیں اور عملے کو ہدایت دی کہ وہ عوام سے خوش اخلاقی اور احترام کے ساتھ پیش آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پراجیکٹ عوام کو گھر کی دہلیز پر پولیس اور لائسنسنگ سروسز دینے کے حوالے سے ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگا۔

یہ موبائل پولیس اسٹیشنز نہ صرف شہری علاقوں بلکہ گرلز ایجوکیشن سینٹرز، ورکنگ ویمن زونز اور دور دراز دیہات تک پہنچیں گے، جس سے شہریوں کو سہولت کے ساتھ قیمتی وقت کی بھی بچت ہوگی۔