پنجاب کے ضلع علی پور میں نجی اسکول کے مالک کا گھناونا چہرہ آخرکار بے نقاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزم طویل عرصے تک خواتین ٹیچرز اور طالبات کو بلیک میل کرکے اُنہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔
پولیس نے ایک متاثرہ خاتون کے اہلِ خانہ کی شکایت پر تھانہ سٹی علی پور میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق ملزم نہ صرف خواتین سے زیادتی کرتا تھا بلکہ اُن کی نازیبا ویڈیوز بھی بناتا اور انہیں دباؤ ڈالنے کے لئے استعمال کرتا تھا۔
مظفرگڑھ پولیس کا کہنا ہے کہ نجی اسکول کے سربراہ نے ٹیچرز اور طالبات کے ساتھ بنائی گئی نازیبا ویڈیوز وائرل بھی کر دیں، جس کے بعد واقعہ منظرعام پر آیا۔ پولیس ترجمان نے تصدیق کی کہ ان ویڈیوز کے ذریعے مزید متاثرین سے رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ مکمل حقائق سامنے آ سکیں، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم نہ صرف خود خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا رہا بلکہ بلیک میل کرکے انہیں اپنے دوستوں کے سامنے بھی پیش کرتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سامنے آنے والی ویڈیوز میں کم از کم چار خواتین کو استحصال کا نشانہ بنتے دیکھا گیا ہے۔ تفتیشی افسران کے مطابق ملزم ہدایت رضوی طویل عرصے سے خواتین ٹیچرز اور طالبات کو بلیک میل کرتا اور ان کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں دھمکاتا رہا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انتہائی سنگین جرم میں ملوث اس شخص کی فوری گرفتاری کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں اور مزید متاثرہ خواتین سامنے آ رہی ہیں۔
12