اسلام آباد ہائی کورٹ کے چار ججز کا 27ویں ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ کے چار ججز نے آئین میں کی گئی 27ویں ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی کی قیادت میں تیار کیا گیا ڈرافٹ سپریم کورٹ کو بھجوا دیا گیا ہے اور امکان ہے کہ آج ہی باضابطہ طور پر یہ درخواست دائر کر دی جائے گی۔

درخواست گزاروں میں جسٹس محسن اختر کیانی کے ساتھ جسٹس بابر ستار، جسٹس ثمن رفعت امتیاز اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان بھی شامل ہیں۔ چاروں جج اس ترمیم کو آئینی دائرہ کار اور عدلیہ کی خود مختاری کے تناظر میں چیلنج کرنا چاہتے ہیں۔

تاہم سپریم کورٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک ہائی کورٹ کے ججز کی جانب سے 27ویں ترمیم کے خلاف کوئی پٹیشن وصول نہیں ہوئی۔ اسی طرح وفاقی آئینی عدالت کے ذرائع کے مطابق وہاں بھی اس نوعیت کی کوئی درخواست تاحال دائر نہیں کی گئی۔