پاک فوج کا بڑا کارنامہ، خوارج کے ہاتھوں تباہ 2 مساجد کی تزئین و آرائش مکمل

باجوڑ :فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (نارتھ) نے دہشت گردوں کے حملوں میں تباہ ہونے والی دو مساجد کی بحالی اور تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا ہے۔ ان مساجد کی ازسرِنو تعمیر کو عوام نے علاقے میں امن و امید کی علامت قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف سی (نارتھ) نے باجوڑ کے علاقے میں مسجد سلیمان خیل اور مسجد اعراب کی مکمل مرمت، تزئین و آرائش اور بنیادی سہولیات کی بحالی کا کام مکمل کر لیا ہے۔ یہ دونوں مساجد خوارج کے حملوں میں بری طرح متاثر ہوئی تھیں۔
مرمت کے دوران شمسی توانائی کے سولر سسٹمز نصب کیے گئے تاکہ عبادت گاہوں میں روشنی اور بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہ ہو۔ پاک فوج اور ایف سی کی ٹیموں نے نہ صرف مساجد کی بیرونی و اندرونی تعمیر نو کی بلکہ صفائی، روشنی اور وضو کے انتظامات کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا۔
علاقہ مکینوں نے ان اقدامات کو قابلِ تحسین اور دل کو چھو لینے والا قدم قرار دیتے ہوئے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “عبادت گاہوں کی بحالی نے ہمارے دل جیت لیے، یہ صرف تعمیر نہیں بلکہ اعتماد کی نئی بنیاد ہے۔”
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بحالی کے بعد لوگ بڑی تعداد میں نماز کی ادائیگی کے لیے ان مساجد کا رخ کر رہے ہیں، جس سے علاقے میں مذہبی اور سماجی زندگی دوبارہ بحال ہو رہی ہے۔
ان اقدامات نے عوام اور پاک فوج کے درمیان اعتماد اور بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط بنا دیا ہے، جو نہ صرف باجوڑ بلکہ پورے خطے میں امن و استحکام کی فضا کو فروغ دے رہا ہے۔