ہالینڈ کی مشہور کمپنی سمفنی ویو پاور نے سمندری لہروں کی طاقت سے بجلی پیدا کرنے والی جدید ٹربائن ایجاد کر لی ہے، جو مستقبل کی توانائی کا نیا باب کھول سکتی ہے۔
یہ ٹربائن سمندر میں صرف 20 میٹر کی گہرائی پر نصب کی جا سکتی ہے۔ جب سمندری لہریں اس سے ٹکراتی ہیں تو ٹربائن اوپر نیچے حرکت کرتی ہے، جس سے اس کے اندر موجود جنریٹر فعال ہو کر بجلی پیدا کرتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ قدرتی توانائی کو براہِ راست بجلی میں تبدیل کرتی ہے اور اس کے لیے کسی قسم کی گیس، ڈیزل یا کوئلے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
ماہرین کے مطابق اگر پاکستان کے 1046 کلومیٹر طویل ساحل پر ایسی زیرِ سمندر ٹربائنوں کا جال بچھا دیا جائے تو ملک باآسانی 40 سے 50 ہزار میگاواٹ صاف اور ماحول دوست بجلی حاصل کر سکتا ہے۔ یہ بجلی نہ صرف سستی ہو گی بلکہ لامحدود سمندری قوت کے باعث مسلسل دستیاب رہے گی۔
ہالینڈ کے ساحل پر عنقریب یہ جدید ٹربائنیں باقاعدہ بجلی پیدا کرنا شروع کر دیں گی، جس سے اس نئی ٹیکنالوجی کی افادیت عملی طور پر ثابت ہو جائے گی۔
9