کراچی:عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث خریداروں میں تشویش اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ دیکھا گیا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 53 ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد سونا 5 ہزار 020 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گیا۔ عالمی مارکیٹ میں اضافے کے اثرات مقامی سطح پر بھی واضح رہے، جہاں فی تولہ سونے کی قیمت 5 ہزار 300 روپے بڑھ کر 5 لاکھ 24 ہزار 762 روپے ہو گئی۔
اسی طرح فی دس گرام سونے کی قیمت میں 4 ہزار 544 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 49 ہزار 898 روپے کی سطح پر آ گئی۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی تیزی دیکھی گئی۔ فی تولہ چاندی 296 روپے اضافے کے بعد 8 ہزار 615 روپے میں فروخت ہوئی، جبکہ فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی 296 روپے بڑھ کر 7 ہزار 385 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی بے یقینی اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ ہے۔