سعودی عرب پر حملہ، وزیراعظم شہباز شریف کا سخت ردعمل

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ شب سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف واضح جارحیت قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے اقدامات نہ صرف خطے میں کشیدگی کو بڑھا سکتے ہیں بلکہ امن اور استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور تحفظ کے معاملے میں ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اظہار کرتا ہے۔