ڈیرہ اسماعیل خان: ایف سی ہیڈ کوارٹر پر کواڈ کاپٹرسے حملہ، حوالدار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان:تحصیل درازندہ میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈ کوارٹر کے مرکزی گیٹ پر کواڈ کاپٹر کے ذریعے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دو جوان زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم عناصر نے ایف سی ہیڈ کوارٹر کے مین گیٹ کی جانب کواڈ کاپٹر سے دو گولے فائر کیے۔ گولے گرنے کے نتیجے میں حوالدار امجد موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ دو دیگر اہلکار زخمی ہوئے۔

زخمی جوانوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں استعمال ہونے والے کواڈ کاپٹر کی سمت اور ممکنہ لانچ پوائنٹ کا تعین کیا جا رہا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔