مظفرآباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ پوری قوت کے ساتھ کھڑا ہے اور بھارت جس زبان میں بات کرے گا، اسے اسی زبان میں مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو ایسی شکست دی جو وہ نسلوں تک یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر تیار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کے لیے آزاد کشمیر آئے ہیں اور پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور کشمیری عوام اپنی قربانیوں اور جدوجہد کے ذریعے روزانہ دنیا کو اس حقیقت کی گواہی دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کسی بھی سیاسی جماعت کی حکومت ہو، وفاقی حکومت کا آئینی اور اخلاقی فرض ہے کہ وہ تعاون کرے، اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور تحریکِ آزادی کے شہدا کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کشمیر کی آزادی پر پاکستان کبھی کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے دہشت گردی اور پراکسی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں، تاہم بھارت جس محاذ پر بھی جارحیت کرے گا، پاکستان اسی محاذ پر اسے بھرپور اور یادگار جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں بھارت کا غرور خاک میں مل چکا ہے اور اس شکست کے بعد بھارت سفارتی محاذ پر بھی تنہائی کا شکار ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی درحقیقت کشمیری عوام کی بھی فتح ہے، جس کے نتیجے میں مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر پوری شدت کے ساتھ اجاگر ہوا ہے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کا واحد راستہ یہی ہے کہ بھارت کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم امن صرف برابری، انصاف اور باہمی احترام کی بنیاد پر ہی قائم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے قومی اتحاد اور اتفاق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متحد ہو کر ہی دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے غزہ میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔