حکومت کا پرچون فروشوں کیلئے نئی فکسڈ ٹیکس سکیم لانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پرچون کاروبار سے وابستہ تاجروں کیلئے نئی فکسڈ ٹیکس سکیم لانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد ملک بھر کے ریٹیل سیکٹر کو باقاعدہ ٹیکس نظام میں شامل کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ سکیم پر حتمی منظوری کیلئے آئندہ ہفتے آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں بات چیت کی جائے گی۔ نئی پالیسی کے تحت ایسے پرچون فروش جن کا سالانہ کاروبار 20 کروڑ روپے تک ہے، انہیں لازمی طور پر رجسٹریشن کروانا ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس سکیم کو مکمل طور پر اردو زبان میں تیار کیا گیا ہے تاکہ تاجروں کو اس کی شرائط اور طریقہ کار سمجھنے میں آسانی ہو۔ مجوزہ منصوبے کے مطابق 20 کروڑ روپے تک سالانہ ٹرن اوور رکھنے والے دکانداروں پر ایک فیصد فکسڈ ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ اس مرتبہ دکان کے رقبے یا سائز کو ٹیکس کے تعین کا حصہ بنانے کی تجویز شامل نہیں کی گئی۔

ایف بی آر حکام کے مطابق اس سکیم کے ذریعے تقریباً 30 لاکھ پرچون فروشوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں تاجروں کی زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن یقینی بنانے کیلئے کم شرح ٹیکس اور محدود اہداف رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔