پی آئی اے نے مسافروں کیلئے خصوصی ڈسکاؤنٹ متعارف کرا دیا

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے مسافروں کے لیے کرایوں میں خصوصی رعایت کا اعلان کرتے ہوئے اس سے مستفید ہونے والے مسافروں کی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق قومی ایئرلائن نے پیرس سے پاکستان کے مختلف شہروں کا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں 10 فیصد خصوصی ڈسکاؤنٹ متعارف کرایا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ یہ رعایت خصوصی طور پر پیرس سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے ہے، جس کا مقصد سفر کو سہل، سستا اور بالخصوص سمندر پار پاکستانیوں کے لیے زیادہ قابلِ رسائی بنانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسافر اس رعایتی آفر کے تحت 10 فروری 2026 تک اپنی ٹکٹ بکنگ کرا سکتے ہیں۔

یہ خصوصی ڈسکاؤنٹ یکم فروری سے 10 مارچ 2026 تک اور دوبارہ یکم مئی سے 15 مئی 2026 کے دوران سفر کرنے والے مسافروں کے لیے قابلِ اطلاق ہوگا۔

پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافر اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے پی آئی اے کے سرکاری بکنگ دفاتر، آفیشل ویب سائٹ، موبائل ایپ یا اپنے قریبی مستند ٹریول ایجنٹس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے اپنی روایتی مہمان نوازی کے ساتھ مسافروں کو آرام دہ، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔