فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان کے لیے نئی مشکل، ایف آئی اے کو دو دن کی مہلت

اسلام آباد: فارن فنڈنگ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کو چالان مکمل کرنے کے لیے دو دن کی مہلت دے دی ہے۔
کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ کے جج عبدالغفور کاکڑ نے کی، جبکہ اسپیشل پراسکیوٹر واثق ملک عدالت میں پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت جج عبدالغفور کاکڑ نے استفسار کیا کہ اب تک چالان کیوں مکمل نہیں کیا گیا اور تفتیش میں تاخیر کی کیا وجہ ہے۔
اس پر اسپیشل پراسکیوٹر واثق ملک نے عدالت کو بتایا کہ کیس سے متعلق رائے لینے کے لیے متعلقہ ملک کو خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔ اس پر جج عبدالغفور کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ یہ مقدمہ 2022 سے زیرِ سماعت ہے، مگر تاحال اس میں سنجیدہ پیش رفت نظر نہیں آ رہی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا اور آئندہ سماعت پر ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کیا جائے گا۔ تاہم اسپیشل پراسکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ شوکاز نوٹس اور ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کرنے کا حکم فی الحال نہ دیا جائے اور چالان مکمل کرنے کے لیے ایک ہفتہ یا دس دن کی مہلت دی جائے۔
جج عبدالغفور کاکڑ نے کہا کہ وہ اس معاملے پر غور کر لیتے ہیں، تاہم عدالت نے پراسیکیوشن کو واضح ہدایت دی کہ دو دن کے اندر اپنی کارکردگی ثابت کی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت 4 فروری تک ملتوی کر دی۔