لاہور:پاکستان میں رواں برس رمضان المبارک کے آغاز سے متعلق تازہ فلکیاتی پیش گوئی سامنے آ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے چاند سے متعلق اپنی تازہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فلکیاتی حسابات کے مطابق ملک میں پہلا روزہ 19 فروری 2026 کو ہونے کا قوی امکان ہے، کیونکہ چاند نظر آنے کے امکانات مضبوط دکھائی دے رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش 17 فروری کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر متوقع ہے۔ ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ چاند کی پیدائش کے بعد اگلے روز اس کی عمر اور موسمی حالات رویت کے لیے موزوں ہوں گے، جس سے چاند دکھائی دینے کے امکانات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 18 فروری کو پاکستان کے بیشتر علاقوں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا قوی امکان موجود ہے۔ اسی بنیاد پر یکم رمضان المبارک 19 فروری 2026 کو ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
تاہم محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ رمضان المبارک کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہی کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق 18 فروری کو کراچی میں چاند کی عمر تقریباً 26 گھنٹے ہو گی، جو رویت کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہے۔
اسی روز کراچی میں سورج 6 بج کر 25 منٹ پر غروب ہوگا، جبکہ چاند 7 بج کر 24 منٹ پر غروب ہونے کی توقع ہے، جس سے چاند کو دیکھنے کے لیے مناسب وقت میسر آئے گا۔
محکمہ موسمیات کے فلکیاتی تجزیے کے مطابق ان عوامل کے باعث ملک بھر میں رمضان المبارک کا آغاز 19 فروری بروز جمعرات ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے آخری فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
2