ایف آئی آر کم عمر ڈرائیور کے خلاف نہیں بلکہ گاڑی مالک کے خلاف ہو گی:ٹریفک پولیس

پنجاب میں کم عمر ڈرائیونگ کے معاملے پر ٹریفک پولیس نے اہم اور واضح فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ محفوظ سفر اور نوجوانوں کے محفوظ مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے اب کم عمر ڈرائیورز کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی جائے گی۔ ایسے کیسز میں صرف چالان کیا جائے گا، جبکہ ایف آئی آر گاڑی کے مالک کے خلاف درج ہوگی۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد نوجوانوں کے مستقبل کو قانونی پیچیدگیوں سے بچانا ہے، اس لیے ذمہ داری کا تعین براہِ راست گاڑی کے مالک پر ہوگا تاکہ وہ کم عمر افراد کو گاڑی دینے سے پہلے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے کمرشل، سرکاری اور پبلک سروس گاڑیوں کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی مزید سخت کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔ اس موقع پر واضح کیا گیا کہ ٹریفک قوانین کے نفاذ کے دوران کسی قسم کی بدسلوکی برداشت نہیں کی جائے گی، اور فیلڈ افسران کو دورانِ ڈیوٹی باڈی کیم کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت دی

گئی ہے۔
عوامی آگہی میں اضافے کے لیے صوبے بھر میں بینرز، بل بورڈز اور اسٹینڈیز نصب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی آئی جی کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے، جبکہ سڑکوں پر نظم و ضبط اور قانون کی برابری اولین ترجیح ہے۔