کراچی:مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی بین الاقوامی پروازوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی اوور فلائنگ پروازوں میں تقریباً 15 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے حکام کے مطابق اس وقت روزانہ پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے والی پروازوں کی تعداد 700 سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے نتیجے میں ملک کو خاطر خواہ مالی فائدہ حاصل ہو رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوور فلائنگ پروازوں میں اضافے کے باعث پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کو یومیہ تقریباً 8 لاکھ ڈالر آمدنی حاصل ہو رہی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اضافی پروازوں کی وجہ سے روزانہ کی آمدنی میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ ڈالر کا مزید اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی سے قبل معمول کے دنوں میں پاکستان کی فضائی حدود سے یومیہ تقریباً 550 سے 600 پروازیں گزرا کرتی تھیں۔
دوسری جانب بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستان کی فضائی حدود بدستور بند ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے 23 اپریل 2025 سے بھارتی ایئرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر رکھی ہیں، جس کے باعث بھارتی پروازوں کو طویل اور متبادل فضائی راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں۔