سپریم کورٹ میں عمران خان کے 13 مقدمات ایک ساتھ سماعت کے لیے مقرر

سپریم کورٹ نے بانی تحریک انصاف عمران خان سے متعلق 13 مختلف مقدمات کی سماعت کے لیے تاریخ مقرر کر دی ہے۔ ان مقدمات کی سماعت 9 فروری کو ہوگی۔

ان مقدمات کی سماعت کے لیے سپریم کورٹ کا دو رکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے، جس میں چیف جسٹس آفریدی اور جسٹس شاہد بلال شامل ہیں۔

پنجاب حکومت کی جانب سے بانی تحریک انصاف کی ضمانت کے خلاف دائر اپیل سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے، جبکہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل بھی اسی روز سنی جائے گی۔

عدالت عظمیٰ میں بانی پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر فوجداری شکایت کے خلاف اپیل پر بھی سماعت ہوگی۔ اس کے علاوہ بانی تحریک انصاف کے آفیشل سیکریٹریٹ اور نیب سے متعلق مقدمات کی سماعت بھی فکس کر دی گئی ہے۔

القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کے خلاف نیب کی اپیل پر بھی سپریم کورٹ سماعت کرے گی۔ سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی بریت کے خلاف دائر اپیلیں بھی 9 فروری کو سماعت کے لیے مقرر ہیں۔

اسی طرح 9 مئی کے لاہور میں درج مقدمات میں بانی تحریک انصاف کی ضمانت کے خلاف حکومتِ پنجاب کی اپیل پر بھی سماعت ہوگی۔

مزید برآں، ہتکِ عزت کے مقدمے میں شہباز شریف کے خلاف بانی تحریک انصاف کی جانب سے دائر اپیلیں بھی سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت آئیں گی۔ رجسٹرار آفس نے تمام متعلقہ فریقین اور ان کے وکلاء کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔