واشنگٹن:امریکا نے ایران میں مقیم اپنے شہریوں کے لیے ہنگامی سفری انتباہ جاری کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد ملک چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ اقدام خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ سیکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں قائم امریکی ورچوئل ایمبیسی نے اس حوالے سے باضابطہ بیان جاری کیا ہے، جس میں امریکی شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنی روانگی کا بندوبست امریکی حکومت کی براہِ راست مدد پر انحصار کیے بغیر خود کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی وقت فضائی پروازوں کی منسوخی یا تعطل کا سامنا ہو سکتا ہے، جس کے باعث انخلا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔ اسی لیے امریکی شہریوں کو فوری طور پر دستیاب سفری ذرائع استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
امریکی ورچوئل ایمبیسی نے واضح کیا ہے کہ اگر فوری طور پر ایران چھوڑنا ممکن نہ ہو تو امریکی شہری اپنے گھروں یا کسی محفوظ عمارت میں قیام کریں اور خوراک، پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کا مناسب ذخیرہ اپنے پاس رکھیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں مشکلات سے بچا جا سکے۔
بیان میں یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ حالات اجازت دیں تو امریکی شہری زمینی راستوں کے ذریعے آرمینیا یا ترکیے جانے پر غور کریں، تاہم ہر فرد کو اپنی ذاتی سلامتی اور حالات کے مطابق فیصلہ کرنے کا کہا گیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق موجودہ صورتحال غیر یقینی ہے، اور خطے میں کسی بھی اچانک پیش رفت کے نتیجے میں سیکیورٹی خدشات مزید بڑھ سکتے ہیں، اسی لیے یہ احتیاطی انتباہ جاری کیا گیا ہے۔