واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو صاف الفاظ میں کہا تھا کہ پاکستان سے جنگ نہیں ہونی چاہیے۔
اوول آفس میں دیوالی کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ ان کی مودی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی، جس میں تجارت سمیت کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ تجارت کے ذریعے تنازعات حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں، اسی لیے انہوں نے مودی کو باور کرایا کہ جنگ کے بجائے مذاکرات اور تجارت کے راستے سے ہی مسائل حل کیے جائیں۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنے دورِ صدارت میں تجارت کے ذریعے آٹھ ممکنہ جنگیں رکوانے میں کامیاب ہوئے، جن میں پاک بھارت تنازع بھی شامل تھا۔
سابق امریکی صدر کے مطابق، “جب پاک بھارت کشیدگی انتہا پر پہنچی تو سات جنگی طیارے گرائے گئے، مگر میں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے رابطہ کرکے واضح پیغام دیا کہ اگر جنگ ہوئی تو امریکا تجارتی تعلقات ختم کر دے گا۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ صرف 24 گھنٹوں کے اندر دونوں ممالک نے پیغام دیا کہ وہ جنگ نہیں چاہتے۔
یاد رہے کہ ٹرمپ اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ ان کی مداخلت سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ ٹل گئی تھی۔