برطانوی اخبار دی گارڈین کی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر متوقع رویے کو قابو میں رکھنے والے واحد رہنما پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ غزہ امن سربراہ اجلاس کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کئی عالمی رہنماؤں کو پریشان کر دیا۔ انہوں نے اطالوی وزیراعظم کے حسن کی تعریف کی، برطانوی وزیراعظم کئیر اسٹارمر کا مائیک اچانک خود سنبھال لیا، جب کہ کینیڈین وزیراعظم کو مذاق میں “گورنر” کہہ کر پکارا۔
تاہم، دی گارڈین کے مطابق اس موقع پر صرف ایک رہنما نے ٹرمپ کے رویے کو مؤثر انداز میں سنبھالا اور وہ تھے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف۔ اپنی تقریر کے دوران انہوں نے ٹرمپ کی کھل کر تعریف کی، اور جب ٹرمپ دوبارہ اسٹیج کی طرف بڑھے تو شہباز شریف نے خوش اخلاقی سے انہیں روکا اور اپنی بات مکمل کی، جس پر ٹرمپ بھی مسکرا دیے۔
اخبار نے لکھا کہ تقریب کے دوران ٹرمپ کی تاخیر، بے ساختہ تبصروں اور غیر رسمی طرزِ عمل کے باوجود شہباز شریف نے اعلیٰ سفارتی مہارت اور بردباری کا مظاہرہ کیا، جس سے نہ صرف ماحول خوشگوار رہا بلکہ انہوں نے امریکی صدر کو مکمل طور پر اپنے قابو میں رکھا۔