فراڈ کیس میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی کو بڑا ریلیف مل گیا

سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی نجف حمید کو فراڈ کیس میں بڑا قانونی ریلیف مل گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی گرفتاری روکنے کے ساتھ ساتھ اسپیشل جج سینٹرل کے فیصلے پر آئندہ سماعت تک کارروائی معطل کر دی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نجف حمید کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر دیے اور کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔

عدالت نے واضح کیا کہ درخواست پر حتمی فیصلے تک نجف حمید کے خلاف کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ اسپیشل جج سینٹرل نے 16 جنوری کو ایف آئی اے کی درخواست پر نجف حمید کی ضمانتِ قبل از گرفتاری واپس لینے کا حکم دیا تھا۔ بعد ازاں 24 جنوری کو ضمانت منسوخی کا فیصلہ سنایا گیا، جس کے خلاف نجف حمید نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

گزشتہ سماعت کے دوران نجف حمید اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس راجا انعام امین منہاس کے روبرو پیش ہوئے تھے، جہاں عدالت نے ان کی ضمانت بحالی کی درخواست پر ایف آئی اے سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے۔