بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، مزید بارشوں کی پیشگوئی،الرٹ جاری

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہواؤں اور بارش لانے والے ایک کمزور موسمی نظام کے اثرات برقرار ہیں، جبکہ گزشتہ روز ہونے والی بارش نے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران پارہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج بھی لاہور اور پنجاب کے متعدد علاقوں میں گرد و غبار کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آندھی، بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق آج پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش ہونے کی توقع ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، لیہ، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد ان علاقوں میں شامل ہیں جہاں بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، خوشاب، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان، کوٹ ادو اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارش متوقع ہے۔ اسی طرح لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش ہونے کا امکان موجود ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے تحت صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ لاہور میں متوقع بارش کے باعث واسا نے بھی اپنے آپریشنل عملے کو فیلڈ میں متحرک رہنے کا حکم دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ گرج چمک اور آسمانی بجلی کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری طور پر کھلے میدانوں یا درختوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز کریں۔ حکام نے تیز ہواؤں اور گرد و غبار کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موجودہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں کے تحفظ کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کریں، جبکہ شمالی علاقوں کا رخ کرنے والے سیاحوں کو سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ہے۔