لاہور: پیپسی روڈ ہربنس پورہ کے علاقے نادر مارکیٹ کے قریب ایک گھر میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں خوفناک سانحہ پیش آیا، جس میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق اور سات افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی شدت سے عمارت کی پہلی منزل مکمل طور پر زمین بوس ہو گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو دوپہر کے وقت گھر میں گیس سلنڈر دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق، دھماکے کے نتیجے میں عمارت کی پہلی منزل نیچے گر گئی اور کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے بھرپور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
آپریشن میں 18 ایمرجنسی گاڑیاں اور 50 ریسکیو اہلکار شریک ہوئے، جب کہ امدادی سرگرمیوں کی نگرانی ضلعی ایمرجنسی آفیسر شاہد وحید نے خود کی۔
اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے انتھک کوششوں کے بعد ملبے تلے دبے 7 افراد کو زندہ نکال لیا، تاہم 3 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت کو تسلی بخش قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق، حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ابتدائی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق، دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اردگرد کی عمارتیں بھی لرز اٹھیں اور شیشے ٹوٹ گئے۔ مقامی افراد نے امدادی ٹیموں کے ساتھ مل کر ملبہ ہٹانے میں بھرپور مدد کی۔
یہ واقعہ ایک بار پھر گھروں میں گیس سلنڈرز کے غیر محتاط استعمال کے خطرات کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے۔ ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سلنڈرز کی بروقت جانچ اور درست استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔