جے یو آئی کا اہم اجلاس طلب، 27ویں آئینی ترمیم اور سیاسی صورتحال پر مشاورت کا امکان

اسلام آباد:ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے

ذرائع کے مطابق جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے یہ اجلاس ملکی سیاسی حالات اور مجوزہ آئینی ترمیم پر مشاورت کے لیے بلایا ہے۔ اجلاس آج مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر منعقد ہوگا، جس میں پارٹی کے ارکانِ قومی اسمبلی اور سینیٹرز شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں 27ویں آئینی ترمیم کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا جائے گا، جبکہ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں سے ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں بھی مشاورت ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ارکانِ پارلیمنٹ سے اس حوالے سے تجاویز اور سفارشات طلب کریں گے تاکہ پارٹی کا واضح مؤقف سامنے لایا جا سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 27ویں آئینی ترمیم سے متعلق اپنے مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی جماعت صوبوں کے حصے میں کمی کی کسی بھی تجویز کو مسترد کرتی ہے، تاہم وہ آرٹیکل 243 میں مجوزہ تبدیلیوں کی حمایت کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے یہ بات پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ یہ اجلاس کراچی میں منعقد ہوا، جس میں حکومت کی مجوزہ ترمیم پر تفصیلی غور کیا گیا۔ تاہم پارٹی کسی حتمی فیصلے پر نہیں پہنچ سکی تھی، جس کے بعد سی ای سی کا اجلاس آج دوبارہ طلب کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ان کی جماعت وفاق کی مضبوطی اور صوبائی خودمختاری کے اصولوں پر قائم ہے، اس لیے صوبوں کے حصے میں کمی کی کوئی بھی کوشش قابلِ قبول نہیں ہوگی۔