بالی ووڈ کی معروف جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، جس پر شوبز دنیا اور مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
اداکار جوڑے نے سوشل میڈیا پر ایک مشترکہ پوسٹ کے ذریعے یہ خوشخبری دی کہ آج وہ اپنے ننھے بیٹے کو دنیا میں خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔ پوسٹ میں انہوں نے اپنے بیٹے کی آمد کو زندگی کا سب سے حسین اور یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمیشہ ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
کترینہ اور وکی نے اپنے انسٹاگرام پیغام میں لکھا کہ ان کا “خوشیوں کا تحفہ” آ گیا ہے، اور وہ سب کی محبت اور دعاؤں کے بے حد مشکور ہیں۔ پوسٹ میں بچے کی پیدائش کی تاریخ تو لکھی گئی تاہم جوڑے نے ابھی تک بچے کا نام ظاہر نہیں کیا۔
اداکار سنی کوشل، جو وکی کوشل کے بھائی ہیں، نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اب چچا بن گئے ہیں۔
اس خوشی کے موقع پر بالی ووڈ کے بڑے بڑے ناموں نے جوڑے کو مبارکباد دی۔ مادھوری ڈکشٹ، پری نیتی چوپڑا، شریا گھوشال، زویا اختر سمیت کئی معروف فنکاروں نے وکی اور کترینہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور بچے کے لیے خوشیوں بھری زندگی کی دعا دی۔