’پلیز اس بار ٹکٹس خرید لینا‘ ہیرو کی مداحوں سے ہاتھ جوڑ کر اپیل

پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کے ساتھ بالی ووڈ فلم ’’صنم تیری قسم‘‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے بھارتی اداکار ہرشوردھن رانے ایک بار پھر خبروں میں ہیں۔ اپنی نئی فلم کی ریلیز سے قبل انہوں نے مداحوں سے فلم کے ٹکٹس خریدنے کی اپیل کرتے ہوئے ہاتھ جوڑ لیے۔

رپورٹس کے مطابق ماضی میں پاکستان مخالف بیانات دینے والے ہرشوردھن رانے کا فلمی کیریئر مسلسل ناکامیوں کا شکار رہا ہے۔ متعدد فلموں کی ناکامی کے بعد وہ اپنی نئی فلم کی کامیابی کے لیے مداحوں سے براہِ راست اپیل کرنے پر مجبور ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہرشوردھن رانے مداحوں سے التجا کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں:

“اس بار پلیز نو سال انتظار مت کروانا، پلیز ٹکٹس خرید لینا۔”

اداکار کی یہ بات اس وقت کے تجربے کی یاد دہانی تھی جب اُن کی ماورا حسین کے ساتھ 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’صنم تیری قسم‘‘ باکس آفس پر ناکام ہوگئی تھی۔ تاہم حیران کن طور پر جب یہی فلم نو سال بعد دوبارہ ریلیز کی گئی تو اس نے غیر معمولی بزنس کرتے ہوئے کامیاب فلموں کی فہرست میں جگہ بنا لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہرشوردھن رانے اپنی نئی فلم سے بہت زیادہ امیدیں لگائے بیٹھے ہیں، اور انہیں اُمید ہے کہ یہ فلم ان کے کیریئر میں نیا موڑ ثابت ہوگی۔