گاڑی کی موٹر سائیکل سوار خواتین کو ٹکر، دونوں خواتین پل سے نیچے جا گریں

کراچی:شہر قائد میں ٹریفک پولیس کے دعوے کہ ٹریفک حادثات میں کمی آئی ہے، حقیقت کے برعکس ثابت ہو رہے ہیں، کیونکہ روزانہ کی بنیاد پر شہری اپنے قیمتی جانیں گنوا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، گڈاپ ٹاؤن تھانے کے علاقے سپرہائیوے دنبہ گوٹھ کے قریب ایک تیز رفتار کرولا گاڑی نے اسکوٹی موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں اس پر سوار دو خواتین پل سے نیچے جا گریں۔

حادثے میں دونوں خواتین شدید زخمی ہو گئیں۔ موقع پر علاقے کے مکین جمع ہو گئے جبکہ پولیس اور ریسکیو ادارے بھی فوری طور پر پہنچ گئے۔ زخمی خواتین میں سے ایک کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسری کو تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا، جہاں 20 سالہ سمرا شیخ نامی خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی۔ زخمی خاتون کی شناخت 37 سالہ رابعہ ناز کے طور پر ہوئی۔ دونوں خواتین بحریہ ٹاؤن کی رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے ٹیچر تھیں۔

گڈاپ سٹی کے ایس ایچ او سرفراز جتوئی نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب خواتین اسکوٹی موٹرسائیکل پر بحریہ ٹاؤن سے شہر کی جانب جا رہی تھیں اور دنبہ گوٹھ کے قریب تیز رفتار گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔ حادثے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو تحویل میں لے کر ڈرائیور شاف عزیز کو حراست میں لے لیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔