لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی سہولت کے ایک اہم منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے میت کو اسپتال سے گھر منتقل کرنے کے لیے باقاعدہ ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس حوالے سے ہونے والے خصوصی اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ نے خود کی، جبکہ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں بڑے سرکاری اسپتالوں اور صوبے کی ہر تحصیل میں سرکاری گاڑیوں پر مشتمل سروس کے آغاز کے لیے جامع پلان طلب کیا گیا۔
اجلاس کے دوران پرائیویٹ ایمبولینس سروسز کو باقاعدہ ضابطے میں لانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے نجی ایمبولینس سروسز کے کرایوں کا تعین کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا تاکہ عوام کو اضافی اخراجات سے بچایا جا سکے۔
فیصلے کے مطابق پنجاب کی ہر تحصیل میں کم از کم ایک خصوصی وین میت کی منتقلی کے لیے دستیاب ہوگی۔ لواحقین 1122 پر کال کرکے یا متعلقہ اسپتال کے کاؤنٹر سے رابطہ کر کے یہ سروس مفت حاصل کر سکیں گے۔
مزید برآں، میت کی منتقلی کے اس نظام کو اسمارٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت مانیٹر کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اگر میت کو کسی دوسرے شہر منتقل کرنا ہو تو یہ سہولت بھی بلا معاوضہ فراہم کی جائے گی۔
5