راولپنڈی: ملک کے دیگر شہروں کی طرح اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بھی عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، جہاں قیدیوں اور جیل عملے نے نماز عید ادا کی۔ عام قیدیوں کے لیے نماز کے اجتماعات جیل کی مرکزی جامع مسجد اور امام بارگاہ میں منعقد کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں نماز عید کے دو بڑے اجتماعات ہوئے جن میں سینکڑوں قیدیوں، حوالاتیوں اور جیل افسران نے شرکت کی اور عید کی عبادات ادا کیں۔
دوسری جانب سیکیورٹی انتظامات کے باعث بانی پی ٹی آئی عمران خان نماز عید میں شریک نہ ہو سکے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ سمیت اپنے اپنے سیلز میں موجود رہے اور کسی اجتماعی اجتماع میں شامل نہیں ہوئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عیدالفطر کے موقع پر بھی سیکیورٹی خدشات کی بنا پر عمران خان نماز عید کے اجتماع میں شرکت نہیں کر سکے تھے اور انہوں نے عید اپنے سیل میں ہی گزاری تھی۔