پشاور کے حساس ترین علاقے میں واقع ایف سی ہیڈکوارٹر پر صبح سویرے خودکش حملہ کیا گیا، تاہم سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا۔ حملے میں تینوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایف سی کے تین جوان شہید اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
ایک خودکش بمبار نے ہیڈکوارٹر کے مرکزی گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے فوراً بعد دو دیگر دہشت گرد اندر داخل ہونے کی کوشش میں تھے، مگر فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے انہیں مار گرایا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی اہلکاروں و شہریوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد پولیس، ایلیٹ فورس، اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ کینٹ روڈ سمیت ملحقہ راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے۔ سی سی پی او میاں سعید خود آپریشن کی نگرانی کے لیے موقع پر موجود رہے، جبکہ شہر میں بی آر ٹی سروس بھی عارضی طور پر معطل کردی گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق چھ ایمبولینسز، فائر وہیکل، ڈیزاسٹر وہیکل اور 50 سے زائد اہلکاروں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں کیں۔ طبی حکام کے مطابق 11 زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں میں ایف سی اہلکاروں کے ساتھ عام شہری بھی شامل ہیں۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے تصدیق کی کہ حملہ تین دہشت گردوں نے کیا تھا اور تینوں مارے جاچکے ہیں۔ فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کوہاٹ روڈ پر واقع ایف سی ہیڈکوارٹر کو فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔ ایک دہشت گرد نے داخلی گیٹ پر خودکش دھماکا کیا جبکہ دو اندر داخل ہونے کی کوشش میں مارے گئے۔ حملے میں ایف سی کے تین اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ دو زخمی ہوئے۔
صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی شدید مذمت
صدر آصف علی زرداری نے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بزدلانہ کارروائیاں وطنِ عزیز کے خلاف بیرونی پشت پناہی سے سرگرم دہشت گردوں کی سازشوں کا حصہ ہیں، اور ان کے مکمل خاتمے کے لیے ریاست پرعزم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ فورسز کی بروقت کارروائی کے باعث بہت بڑا نقصان ہونے سے بچ گیا۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کی سالمیت کو نشانہ بنانے والوں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملہ ناکام بنانے پر ایف سی کے بہادر جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے والے جوانوں کی جرات اور فرض شناسی کو سلام پیش کیا۔