ٹرمپ کے حالیہ بیان پر ایرانی مسلح افواج کے ترجمان کا بھی سخت ردعمل

تہران :امریکا کی جانب سے دی جانے والی حالیہ دھمکیوں کے بعد ایرانی مسلح افواج کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے سخت اور دوٹوک ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم اور مسلح افواج اپنے ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، اور جو بھی ایران پر حملے کی کوشش کرے گا اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ایران نے کبھی بھی اپنے دشمنوں کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کیا۔
دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایران اپنے دشمنوں کے لیے آبنائے ہرمز ہرگز نہیں کھولے گا۔
ادھر ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے خطے کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر میری ٹائم نظام میں کسی قسم کی تبدیلی کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج دور رس ہوں گے۔ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز بلاشبہ دوبارہ کھلے گی، مگر یہ سہولت امریکا کو حاصل نہیں ہوگی۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کو آبنائے ہرمز کی بحالی سے مشروط کرتے ہوئے ایران کو سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی، اور کہا تھا کہ جب تک یہ اہم بحری راستہ بحال نہیں ہوتا، امریکا اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔