ملکی معیشت اور توانائی کے شعبے میں خوش آئند پیشرفت سامنے آئی ہے۔
آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں واقع نشپا بلاک سے تیل اور گیس کی نئی دریافت کا اعلان کر دیا ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے ترجمان کے مطابق، براگزئی ایکس-1 کنویں سے یومیہ 225 بیرل تیل اور 10 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہو رہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ براگزئی ایکس-1 کی کھدائی 30 دسمبر 2024 سے شروع ہوئی تھی اور کنویں کو مجموعی طور پر 5,170 میٹر کی گہرائی تک کھودا گیا۔ دوران کھدائی مختلف زمینی طبقات میں ڈرل اسٹیم ٹیسٹ کے مرحلے پر تیل اور گیس کے آثار پہلے ہی دیکھے جا چکے تھے۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق اس نئی دریافت سے نہ صرف ملکی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ ہائیڈروکاربن ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا، جو ملکی معیشت کے لیے مثبت پیشرفت ہے۔
4