عمران خان کیخلاف فارن فنڈنگ کیس میں اہم پیش رفت ،عدالت نے بڑا حکم جاری کردیا

اسلام آباد:عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس میں عدالت نے ملزمان کے خلاف مکمل چالان جمع کروانے کی آخری تاریخ 5 مارچ مقرر کر دی ہے۔

بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور دیگر کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں پی ٹی آئی کے چیف فنانشل آفیسر سراج احمد اور نجی بینک کے ملازم فیصل قاضی بھی تفتیش کے لیے پیش ہوئے۔

عدالت کے جج عبدالغفور کاکڑ کے سامنے کیس کی سماعت کے دوران ایف آئی اے نے بتایا کہ دو نئے ملزمان کے شامل ہونے کے بعد چالان دوبارہ تیار کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک بھی عدالت میں موجود تھے۔

واثق ملک نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پہلے کیس کا جزوی چالان جمع ہو چکا ہے، لیکن اب دو نئے ملزمان کی تفتیش مکمل ہونے کے بعد عدالت میں مکمل چالان جمع کروایا جائے گا۔

جج عبدالغفور کاکڑ نے استفسار کیا کہ چالان مکمل کرنے کے لیے کتنی مہلت درکار ہے، جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدالت 10 سے 15 دن کی مہلت دے، تاکہ مکمل چالان جمع کروایا جا سکے۔

بعد ازاں عدالت نے حکم دیا کہ بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف مکمل چالان 5 مارچ تک عدالت میں جمع کرایا جائے، جبکہ ملزمان سراج احمد اور فیصل قاضی کی عبوری ضمانت بھی 5 مارچ تک منظور کر لی گئی۔ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت 5 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔