عمران خان کو پمز ہسپتال میں دوسرا اینٹی وی ای جی ایف انجکشن لگا دیا گیا،مجموعی صحت کو تسلی بخش قرار

اسلام آباد:اڈیالہ جیل میں زیرِ حراست سابق وزیرِاعظم عمران احمد خان نیازی کو فالو اپ طبی معائنے اور آنکھ کے علاج کے اگلے مرحلے کے لیے Pakistan Institute of Medical Sciences منتقل کیا گیا، جہاں ان کے علاج کا اہم مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔
جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق 24 فروری 2026 کو انہیں آنکھ کے عارضے کے علاج کے سلسلے میں اینٹی وی ای جی ایف (Anti-VEGF) انٹرا وٹریل انجیکشن کی دوسری خوراک لگانے کے لیے اسپتال لایا گیا۔
طبی عمل سے قبل ماہرین پر مشتمل بورڈ نے ان کا جامع معائنہ کیا۔ اس دوران کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ نے ایکو کارڈیوگرافی اور ای سی جی ٹیسٹ کیے، جن کے نتائج تسلی بخش اور نارمل رپورٹ ہوئے، جبکہ کنسلٹنٹ فزیشن نے بھی انہیں مجموعی طور پر طبی طور پر مستحکم قرار دیا۔
باقاعدہ تحریری رضامندی حاصل کرنے کے بعد آپریشن تھیٹر میں مقررہ حفاظتی پروٹوکول اور مسلسل مانیٹرنگ کے تحت، کنسلٹنٹ آپتھلمولوجسٹ کی نگرانی میں مائیکروسکوپی گائیڈنس کے ذریعے اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن کی دوسری خوراک دی گئی، جسے طبی طور پر کامیاب قرار دیا گیا۔
طبی ذرائع کے مطابق عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں مزید مشاہدے کے لیے ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا، جبکہ ان کی مجموعی صحت کو تسلی بخش قرار دیا جا رہا ہے۔