کوئٹہ: بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر واقع دانہ سر کے علاقے میں مسافر کوچ گہری کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔
مسافر کوچ کوئٹہ سے پشاور جارہی تھی کہ دشوار گزار پہاڑی علاقے دانہ سر میں حادثے کا شکار ہوکر کھائی میں جا گری۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع شیرانی کی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں، جبکہ خیبر پختونخوا سے بھی امدادی اہلکار ریسکیو آپریشن میں شرکت کے لیے موقع پر پہنچے۔
ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت ولی کاکڑ نے بتایا کہ زخمیوں کو کھائی سے نکال کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی میتیں نکالنے اور ان کی منتقلی کا عمل بھی جاری ہے۔
حادثے کے بعد شیرانی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تاکہ زخمیوں کو فوری اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122، فرنٹیئر کور، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر حصہ لے رہے ہیں۔ پہاڑی اور دشوار گزار راستے کے باعث امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
حکام نے حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حادثے کو المناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اطلاع ملتے ہی متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی ضلعی انتظامیہ، ایف سی، ریسکیو ادارے اور متعلقہ محکمے مشترکہ طور پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے انتظامی افسران کو حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لینے اور مکمل تحقیقات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے۔
میر سرفراز بگٹی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دانہ سر میں قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی صدمے کا باعث ہے اور ان کی ہمدردیاں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام زخمیوں کے بہترین علاج کو یقینی بنائیں گے اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔