ڈسکور پاکستان کے سی ای او اور معروف کاروباری شخصیت ڈاکٹر قیصر رفیق سے محسن شہزاد مغل کی ملاقات،اہم گفتگو

لاہور: معروف کاروباری و میڈیا شخصیت ڈاکٹر قیصر رفیق کے ساتھ محسن شہزاد مغل، مرکزی صدر ینگ جرنلسٹس فیڈریشن نے ایک خصوصی ملاقات کی، جس میں میڈیا، کاروبار اور ہاسپیٹیلٹی کے شعبوں میں جاری ترقیاتی رجحانات، پیشہ ورانہ امور اور مستقبل کی حکمت عملیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن شہزاد مغل نے کہا کہ ملاقات خوشگوار اور سیکھنے کے مواقع سے بھرپور رہی ۔انہوں نے ڈاکٹر قیصر رفیق کی پیشہ ورانہ خدمات، قیادت اور مختلف شعبوں میں ان کی کامیابیوں کو سراہا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر قیصر رفیق ان شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے اپنی محنت، وژن اور جدید سوچ کے ذریعے پاکستان میں میڈیا کے منظرنامے کو ایک نئی سمت دی۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر قیصر رفیق بطور بانی و مالک Discover Pakistan ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ ان کی قیادت میں یہ پلیٹ فارم نہ صرف پاکستان کے تیزی سے ابھرتے ہوئے میڈیا چینلز میں شامل ہوا بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی شناخت بنانے میں کامیاب رہا۔ ڈیجیٹل میڈیا کے میدان میں Discover Pakistan کی کارکردگی نمایاں رہی ہے، جہاں مسلسل بڑھتے ہوئے ویوز اور ناظرین کی دلچسپی اس کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہیں۔

ملاقات کے دوران ڈاکٹر قیصر رفیق نے اپنی کامیابی کا راز عملی قیادت اور ٹیم ورک کو قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ادارے کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ قیادت صرف منصوبہ بندی تک محدود نہ رہے بلکہ عملی طور پر ٹیم کے ساتھ میدان میں موجود ہو۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے ہر پراجیکٹ میں براہ راست شامل ہو کر کام کرتے ہیں، جس سے اداروں میں بہتری اور تسلسل پیدا ہوتا ہے۔

میڈیا کے علاوہ بزنس اور ہاسپیٹیلٹی سیکٹر میں بھی ڈاکٹر قیصر رفیق کی خدمات کو نمایاں قرار دیا گیا۔ اس سلسلے میں AFOHS Club، Lahore Organic Village اور Options Restaurant جیسے کامیاب منصوبوں کا ذکر کیا گیا، جو ان کی کاروباری بصیرت، جدت اور معیار پر مبنی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔

محسن شہزاد مغل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر قیصر رفیق نہ صرف ایک کامیاب بزنس لیڈر ہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے ایک عملی مثال بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کی کامیابیاں نئی نسل کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنتی ہیں، خصوصاً اُن نوجوانوں کے لیے جو میڈیا اور کاروبار کے شعبوں میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ میڈیا اور دیگر شعبوں میں مثبت کردار ادا کرنے والی شخصیات کو اجاگر کیا جاتا رہے گا تاکہ معاشرے میں تعمیری سوچ کو فروغ دیا جا سکے۔ شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان میں میڈیا اور بزنس کے شعبوں میں مزید بہتری کے لیے ایسے مکالموں اور ملاقاتوں کا تسلسل ضروری ہے۔