پاکستان نیوی کا مقامی سطح پر تیار کردہ ’’تیمور‘‘ میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان نیوی نے “تیمور” ایئر لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب لائیو ویپن فائرنگ تجربہ مکمل کر لیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ میزائل مقامی سطح پر تیار کردہ ایک جدید اینٹی شپ ویپن سسٹم ہے، جس نے اپنے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق اس کامیاب تجربے نے پاکستان نیوی کی اس صلاحیت کی توثیق کی ہے کہ وہ طویل فاصلے تک دشمن کے بحری اہداف کو تلاش کرنے، ان کی نشاندہی کرنے اور مؤثر انداز میں تباہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ یہ تجربہ قومی دفاعی صلاحیت کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس سے مسلح افواج کی روایتی جنگی میدان میں مشترکہ اور ہمہ جہت حملہ آور صلاحیت مزید مضبوط ہوئی ہے۔
پاکستان نیوی نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ ملک کے بحری مفادات اور خودمختار سمندری حدود کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
صدر مملکت، وزیر اعظم پاکستان، چیف آف ڈیفنس فورسز اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے اس کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔