لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے پنجاب لینڈ ریونیو (ترمیمی) آرڈیننس اور غیر منقولہ جائیداد ملکیت تحفظ (ترمیمی) آرڈیننس 2026 جاری کر دیے، جن کا مقصد اراضی کے نظام میں ڈیجیٹل اصلاحات، شفافیت اور تیز رفتار انصاف کو یقینی بنانا ہے۔
ترمیمی آرڈیننس کے تحت پنجاب کے اراضی نظام میں جدید ڈیجیٹل طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا۔ قبضے کی منتقلی، زرِ واصلات منافع اور زمین کی تقسیم سے متعلق نئے ضابطے شامل کیے گئے ہیں۔ اپیلوں اور نظرثانی کے عمل میں اصلاحات کے ساتھ الیکٹرانک ذرائع سے سمن، نوٹسز اور اعلانات جاری کرنے کا باقاعدہ نظام وضع کیا گیا ہے۔
نئے قانون کے مطابق:
زمینوں کی حد بندی اور غیر قانونی قابضین کی بے دخلی کے لیے واضح قانونی طریقہ کار مرتب ہوگا۔
اراضی انتقال کے لیے ای رجسٹریشن سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔
تمام انتقالات کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کیا جائے گا۔
پٹواری کو صرف وراثتی انتقال تک محدود اختیار حاصل ہوگا۔
کسی بھی کیس کو لوئر کورٹ میں ریمانڈ کرنے کا اختیار صرف بورڈ آف ریونیو کو ہوگا۔
جائیداد ملکیت کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات
غیر منقولہ جائیداد کے تحفظ سے متعلق ترمیمی آرڈیننس کے تحت تنازعات کے حل کی سابقہ کمیٹی کی جگہ اب سکروٹنی کمیٹی قائم کی جائے گی۔ اس کمیٹی میں ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او، اے ڈی سی آر، اے سی، ایس ڈی پی او، سرکل ریونیو افسر اور متعلقہ تھانے کا ایس ایچ او شامل ہوگا۔
غیر قانونی قبضے پر 5 سے 10 سال قید اور 10 ملین روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی، جبکہ جھوٹی شکایت پر 5 لاکھ روپے جرمانہ اور 5 سال تک قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔
نئے قانون کے تحت شکایات اب حاضر سروس ججز پر مشتمل ٹریبونل کے سامنے دائر ہوں گی۔ ٹریبونل تین دن کے اندر شکایت سکروٹنی کمیٹی کو بھیجنے کا پابند ہوگا، جبکہ کمیٹی 30 دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔
ٹریبونل کو بھی 30 دن میں فیصلہ سنانا ہوگا، جب کہ سابق قانون میں یہ مدت 90 دن تھی۔ اب ٹریبونل کو ایک ہی مقدمے سے متعلق منسلک جرائم کی مشترکہ سماعت کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔ حفاظتی اقدامات اٹھانے کا اختیار بھی ڈپٹی کمشنر کے بجائے ٹریبونل کو منتقل کر دیا گیا ہے۔
آرڈیننس کے نفاذ کے بعد حاضر سروس ایڈیشنل سیشن ججز ٹریبونل کے رکن ہوں گے، جب کہ پہلے ریٹائرڈ ججز کو شامل کیا جاتا تھا۔
یاد رہے کہ جائیداد ملکیت تحفظ کے سابقہ ایکٹ پر لاہور ہائیکورٹ نے عمل درآمد روک دیا تھا، جس کے بعد حکومت نے قانونی ترامیم متعارف کرائیں۔
8