دولہن شادی کی تمام رسومات میں شرکت کے بعد غائب ؟ پریشان بارات واپس لوٹ گئی

بھارتی ریاست اترپردیش میں پیش آنے والا ایک حیرت انگیز واقعہ نہ صرف باراتیوں بلکہ پورے علاقے کے لیے باعثِ حیرت بن گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنیل کمار گوتھم نامی نوجوان اپنی بارات لے کر دلہن کو لینے سسرال پہنچا۔ شادی کی تقریب روایتی انداز میں شروع ہوئی، دلہا اور دلہن نے بالی ووڈ کے رومانوی گانوں پر اسٹیج پر رقص بھی کیا اور تمام علاقائی رسومات خوشی و مسرت کے ساتھ ادا کی گئیں۔

رات موسیقی، گانے بجانے اور ہنسی خوشی میں گزر گئی، مگر علی الصبح جیسے ہی رخصتی کی تیاریاں شروع ہوئیں تو ایک ناقابلِ یقین صورتحال سامنے آئی—دلہن اچانک غائب ہو چکی تھی۔

دلہن کے اہلِ خانہ نے گھر کے ہر کونے کی چھان بین کی، محلے میں تلاش کیا گیا، علاقے میں منادی بھی کروائی گئی، مگر دلہن کا کوئی سراغ نہ ملا۔ یہاں تک کہ جب سورج پوری طرح نکلا اور ہر شے روشنی میں نمایاں ہو گئی، تب بھی دلہن کا پتا نہ چل سکا۔

آخرکار دلہا مجبوراً اپنے باراتیوں کے ساتھ خالی ہاتھ اور دل گرفتہ واپس لوٹ آیا، جبکہ گھر میں موجود رشتہ دار اس واقعے سے مکمل طور پر بے خبر تھے۔

دلہا کے اہلِ خانہ نے الزام لگایا کہ لڑکی کسی اور شخص سے محبت کرتی تھی اور اسی کے ساتھ فرار ہو گئی ہے۔ دوسری طرف دلہن کے گھر والوں نے اس الزام کو سختی سے ردّ کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کروا دی، تاہم ابھی تک دلہن کا کوئی اتا پتا نہیں ملا۔