اسلام آباد:انسدادِ دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ وقاص اکرم کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے، جب کہ پارٹی کے دیگر رہنماؤں عمر ایوب اور زرتاج گل کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا۔
اسلام آباد کی انسدادِ دہشتگردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران عدالت نے عدم حاضری پر شیخ وقاص اکرم کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کی۔
عدالت نے مزید حکم دیا کہ عمر ایوب اور زرتاج گل کے پاسپورٹ فوری طور پر بلاک کیے جائیں تاکہ وہ بیرونِ ملک روانہ نہ ہو سکیں۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس فیصلے پر عمل درآمد کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔
مقدمے کی سماعت انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے واضح کیا کہ تمام فریقین کو قانون کے مطابق اپنے دفاع کا موقع دیا جائے گا، تاہم عدالت کے احکامات پر عمل لازمی ہے۔
مزید کارروائی کے لیے کیس کی سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے، اور عدالت نے تمام متعلقہ فریقین کو آئندہ پیشی پر طلب کر لیا۔