سرگودھا: سات سالہ منتہیٰ زہرہ کے ساتھ زیادتی اور قتل کے مقدمے میں مرکزی ملزم سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
پولیس کے مطابق منتہیٰ زہرہ کو گزشتہ روز زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا تھا۔ اس افسوس ناک واقعے پر تھانہ سٹی میں بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں قتل اور دیگر متعلقہ قانونی دفعات شامل کی گئیں۔
مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کرتے ہوئے پانچ مشتبہ افراد کو تحویل میں لے لیا اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش آگے بڑھائی۔ اسی سلسلے میں سی سی ڈی سرگودھا مرکزی ملزم کو آلہ قتل کی نشاندہی اور برآمدگی کے لیے تھانہ جھال چکیاں کی حدود میں لے کر جا رہی تھی۔
پولیس کے بیان کے مطابق سی سی ڈی ٹیم جب متعلقہ مقام پر پہنچی تو ملزم کے ساتھیوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ سی سی ڈی نے جوابی فائرنگ کی، جس کے دوران مرکزی ملزم مارا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ڈی کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔