متحدہ مدارس کونسل کا فضل الرحمن کے بیان سے اعلان تعلقی

اسلام آباد: متحدہ مدارس کونسل پاکستان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج اور شہداء سے متعلق حالیہ بیان سے خود کو الگ قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دینی مدارس کا ریاست مخالف بیانیے یا قومی اداروں کے خلاف کسی بھی مہم سے کوئی تعلق نہیں۔

کونسل کی جانب سے جاری کیے گئے تحریری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وطن کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو نشانہ بنانے والا یا ان کے خلاف کسی بھی نوعیت کا منفی بیانیہ ہرگز قابل قبول نہیں۔

متحدہ مدارس کونسل پاکستان کے ترجمان ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی رائے ان کی جماعت کا ذاتی اور سیاسی مؤقف ہے، اسے دینی مدارس یا متحدہ مدارس کونسل پاکستان کا نقطۂ نظر تصور نہ کیا جائے۔

اعلامیے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاک فوج کے شہداء اور غازی پوری قوم کے لیے قابل فخر قومی ہیرو ہیں، جن کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ احترام کی مستحق رہیں گی۔

ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری نے مزید کہا کہ ملک بھر کے دینی مدارس، مساجد، علماء اور طلبہ کبھی بھی ریاست مخالف سرگرمیوں یا قومی اداروں کے خلاف کسی مہم کا حصہ نہیں رہے۔ ان کے بقول مدارس نے ہر دور میں پاکستان کی نظریاتی، فکری اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ میں اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔