تہران:ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل اور امریکہ نے اسلامی جمہوریہ ایران میں حکومت کی تبدیلی (رجیم چینج) کی کوشش کی تو اسرائیل کے اہم جوہری مرکز دیمونا کو براہِ راست نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیم سرکاری ایرانی خبر ایجنسی کے حوالے سے ایک اعلیٰ ایرانی فوجی عہدیدار نے کہا ہے کہ ایران کسی بھی بیرونی مداخلت یا اپنی حکومت کو گرانے کی سازش کا سخت اور فیصلہ کن جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
ایرانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ اگر ایسی صورتحال پیدا ہوئی تو اسرائیل کا دیمونا نیوکلیئر ری ایکٹر ایران کے ممکنہ اہداف میں سرفہرست ہوگا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ تہران کے پاس ایسے حساس اور اہم اہداف کو نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، اور اگر ایران پر جنگ مسلط کی گئی تو اس کے اثرات خطے بھر میں پھیل سکتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور موجودہ نظام کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کرے گا۔
9