آبنائے ہرمز سے ایک بوند تیل بھی نہیں گزرنے دیں گے، پاسداران انقلاب کا اعلان

تہران: ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ (IRGC) یعنی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کرنے کی دھمکی دی ہے اور کہا ہے کہ وہ اس اہم گزرگاہ سے تیل کی کوئی بھی ترسیل روک سکتے ہیں، یعنی “ایک بوند تیل بھی گزرنے نہیں دیں گے”۔

پاسداران انقلاب کے حکام کا کہنا ہے کہ اگر امریکا یا اس کے اتحادی خطے میں مزید دباؤ بڑھاتے ہیں تو ایران آبنائے ہرمز کو بند کرنے سمیت سخت ترین اقدامات اٹھا سکتا ہے۔ ایرانی فوجی حکام نے مزید کہا کہ اب تک سمندر میں ان کی میزائل اور ڈرون کی طاقت ہی ظاہر کی گئی ہے، ان کی اصل بڑی طاقت ابھی سامنے نہیں آئی۔

ادھر امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے بیان دیا ہے کہ امریکی بحریہ جلد ہی آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں اور تیل کے ٹینکروں کو سیکیورٹی فراہم کرے گی تاکہ عالمی تجارت اور توانائی کی سپلائی متاثر نہ ہو۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر کہ امریکا جہازوں کو تحفظ دے گا، ایرانی پاسداران نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے براہ راست چیلنج کر دیا ہے۔

اسی دوران کویت کی ایک بندرگاہ کے قریب ایک کارگو ٹینکر پر دھماکے کی اطلاعات ہیں جس کے نتیجے میں سمندر میں تیل رسنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق جہاز کا عملہ محفوظ ہے اور یہ واقعہ آبنائے ہرمز کے قریب کشیدگی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم راستہ ہے جہاں سے عالمی تیل کی تقریباً ایک پانچویں حصہ گزرتا ہے۔ اس کی بندش عالمی معیشت، تیل کی قیمتوں اور توانائی کی سپلائی پر شدید اثرات مرتب کر سکتی ہے۔