واشنگٹن:امریکی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور مجوزہ امن معاہدے کو حتمی مرحلے تک پہنچانے میں نہایت اہم کردار ادا کیا۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مسلسل سفارتی رابطوں کے ذریعے امریکا، ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان اعتماد کی بحالی کے لیے متحرک رہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ فریقین کے درمیان مذاکراتی ماحول سازگار بنانے اور معاہدے کے مسودے پر پیش رفت میں پاکستانی عسکری قیادت کی سفارتی کوششیں نمایاں رہیں۔ خاص طور پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورۂ ایران کو اس پیش رفت میں انتہائی اہم قرار دیا گیا، جس کے دوران امن معاہدے کے ڈرافٹ کو مکمل کرنے اور مختلف نکات پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں مدد ملی۔
امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز نے بھی اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ ہفتے کی صبح معاہدے کے مسودے پر اہم پیش رفت سامنے آئی اور متعلقہ فریقین ڈرافٹ پر متفق ہوگئے۔ اخبار کے مطابق اسی دوران خطے میں سفارتی سرگرمیوں میں غیر معمولی تیزی دیکھی گئی، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران کے دورے پر موجود تھے۔
دوسری جانب نیویارک ٹائمز نے بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورۂ ایران کو اہم سفارتی پیش رفت قرار دیتے ہوئے لکھا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمت پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی قیادت نے خطے کو ممکنہ بڑے تصادم سے بچانے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے بیک ڈور سفارتکاری کو مؤثر انداز میں استعمال کیا۔
ادھر امریکی وزیر خارجہ Marco Rubio بھی اس بات کی تصدیق کرچکے ہیں کہ ان کا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مسلسل رابطہ رہا۔ انہوں نے یہ اشارہ بھی دیا تھا کہ پاکستان کی ایک اہم شخصیت ایران کا دورہ کرنے والی ہے۔
یاد رہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اپنا دورۂ ایران مکمل کرچکے ہیں، جبکہ اس کے فوراً بعد امریکی صدر Donald Trump نے اپنی نیشنل سیکیورٹی ٹیم کو وائٹ ہاؤس طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق اس اہم اجلاس کے دوران صدر ٹرمپ پاکستان، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور مصر سمیت مختلف ممالک کی قیادت سے کانفرنس کال کے ذریعے رابطے بھی کریں گے۔