لاہور:پاک فوج کی جانب سے افغان طالبان کی مبینہ بلااشتعال کارروائیوں کے جواب میں بھرپور اور مؤثر جوابی اقدامات جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی مسلح افواج نے جنوبی وزیرستان سے متصل افغان صوبے پکتیا کے مختلف علاقوں میں پیش قدمی کرتے ہوئے پانچ افغان چوکیوں پر کنٹرول حاصل کرلیا اور وہاں پاکستان کا پرچم لہرا دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زیرِ قبضہ آنے والی چوکیوں میں دو شوال کے بالمقابل، دو انگور اڈہ کے سامنے جبکہ ایک زرملان کے قریب واقع ہے۔ کارروائی کے دوران انگور اڈہ میں قائم افغان ٹرمینل کو بھی نشانہ بنایا گیا، جسے مکمل طور پر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق مؤثر اور منظم جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ بتایا گیا ہے کہ آپریشن غضب للحق کے تحت جاری حملوں میں اب تک 133 افغان جنگجو ہلاک جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی فورسز نے 27 چوکیوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے اور 7 مزید پوسٹوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ کارروائی کے دوران 50 سے زائد ٹینکس، آرٹلری گنز اور بکتر بند گاڑیاں (اے پی سیز) بھی تباہ کی گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور ملکی دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔