سلمان صفدر کی آج عمران خان سے ملاقات، اڈیالہ جیل میں تمام انتظامات مکمل

راولپنڈی:سپریم کورٹ کے حکم پر فرینڈ آف دی کورٹ بیرسٹر سلمان صفدر آج سینٹرل جیل اڈیالہ میں بانی پاکستان تحریکِ انصاف سے ملاقات کریں گے۔

جیل ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے ملاقات کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، جبکہ بیرسٹر سلمان صفدر کو ملاقات کے شیڈول سے باضابطہ طور پر آگاہ بھی کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر سلمان صفدر آج دوپہر 2 بجے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گے۔

تاہم جیل ذرائع کے مطابق ابھی تک اس بات کا حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا کہ بیرسٹر سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی کے جیل کمپاؤنڈ تک رسائی دی جائے گی یا ملاقات مخصوص مقام پر ہوگی۔

جیل ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی نگرانی پر تعینات سیکیورٹی عملے کو ملاقات کے حوالے سے پیشگی اطلاع دے دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا روزانہ تین وقت طبی معائنہ کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے، خوراک کی جانچ کرنے والے نیوٹریشنسٹ، اور میڈیکل ریکارڈ مرتب کرنے والے متعلقہ عملے کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تمام اقدامات سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کیے جا رہے ہیں تاکہ فرینڈ آف دی کورٹ کو بانی پی ٹی آئی کی جیل میں لیونگ کنڈیشنز اور دستیاب سہولیات کے بارے میں درست اور مکمل معلومات فراہم کی جا سکیں۔