کراچی:پاکستان میں رمضان المبارک 1447 ہجری کے چاند کے نظر آنے کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان 1447 ہجری کا چاند 18 فروری 2026 کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ چاند کی پیدائش پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 17 فروری 2026 کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر متوقع ہے، اور 29 شعبان 1447 ہجری کے روز رمضان کا چاند دیکھنے کے امکانات روشن ہیں۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بیشتر علاقوں میں 18 فروری کو موسم جزوی ابر آلود یا صاف رہنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے چاند دیکھنے کے مواقع موجود ہوں گے۔
محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں چاند دیکھنے کے آخری اوقات بھی جاری کر دیے ہیں۔ آزاد کشمیر میں چاند دیکھنے کا آخری وقت شام 6 بج کر 58 منٹ، بلوچستان میں 7 بج کر 47 منٹ، سندھ میں 7 بج کر 24 منٹ، خیبر پختونخوا میں 7 بج کر 13 منٹ، پنجاب میں 7 بج کر 8 منٹ، اور گلگت بلتستان میں شام 6 بج کر 53 منٹ ہوگا۔