چیف جسٹس نے 27 آئینی ترمیم پر غور کےلیے فل کورٹ اجلاس طلب کرلیا

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے 27ویں آئینی ترمیم پر غور و مشاورت کے لیے فل کورٹ اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اجلاس کل (جمعہ) نماز سے قبل منعقد ہوگا، جس میں تمام ججز آئینی ترمیم کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے تین ججز جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس اطہر من اللہ اور اب جسٹس صلاح الدین پنہور — نے فل کورٹ اجلاس بلانے کے لیے الگ الگ خطوط تحریر کیے تھے۔

حالیہ پیشرفت سے کچھ ہی دیر قبل جسٹس صلاح الدین پنہور کا چیف جسٹس کو لکھا گیا خط منظر عام پر آیا، جس میں انہوں نے فل کورٹ اجلاس بلانے اور آئینی ترمیم کا شق وار جائزہ لینے کی تجویز دی تھی۔ انہوں نے سفارش کی تھی کہ اس مشاورت میں لاء اینڈ جسٹس کمیشن اور عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کو بھی شامل کیا جائے تاکہ تمام قانونی پہلوؤں پر جامع رائے تشکیل دی جا سکے۔

جسٹس پنہور نے اپنے خط میں متنبہ کیا کہ 27ویں آئینی ترمیم عدالتی و حکومتی اختیارات کے توازن کو متاثر کر سکتی ہے، اس لیے آئین کی روح کے مطابق سپریم کورٹ پر لازم ہے کہ وہ اس کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ “تاریخ ہماری سہولتوں کو نہیں بلکہ ہماری جراتِ فیصلہ کو یاد رکھے گی، اس لیے عوامی اعتماد کے استحکام کے لیے فوری طور پر فل کورٹ اجلاس منعقد کیا جانا ضروری ہے۔”