ترکیہ میں بچوں سمیت 78 افراد کی ہلاکت پر عدالت کا بڑا فیصلہ

انقرہ:ترکیہ کے ایک ہوٹل میں پیش آنے والی آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی بنیادی وجہ مالکان اور عملے کی غفلت قرار دی گئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، اس افسوسناک حادثے میں رواں سال کے آغاز پر 34 بچوں سمیت 78 افراد جاں بحق اور 137 زخمی ہوئے تھے۔

تحقیقات کے دوران ہوٹل انتظامیہ کی غفلت آشکار ہوئی، جس کے بعد ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

آج عدالت نے کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے 12 منزلہ ہوٹل آتشزدگی کے مالک سمیت 11 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ ہوٹل کی انتظامیہ سنگین غفلت کی مرتکب پائی گئی، جس کا مرکزی ذمہ دار مالک ہے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ہوٹل میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئی مناسب انتظامات موجود نہیں تھے۔

عدالت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہوٹل میں احتیاطی تدابیر کا فقدان اور غیر تجربہ کار عملہ ہلاکتوں میں اضافے کی وجہ بنے۔

ساتھ ہی عدالت نے سرکاری محکموں کی بھی نشاندہی کی، جنہوں نے ہوٹل کے اجازت نامے جاری کرنے میں غفلت کا مظاہرہ کیا۔