اسلام آباد:ملک میں عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈال دیا گیا ہے، کیونکہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کر دیا ہے۔
خزانہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ اضافہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور متعلقہ وزارتوں کی سفارشات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر 2025 سے ہوگا، جو آئندہ 15 دنوں تک نافذالعمل رہیں گی۔
تفصیلات کے مطابق، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 43 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 265 روپے 45 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل پیٹرول کی قیمت 263 روپے 2 پیسے فی لیٹر تھی۔
اسی طرح، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 2 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 278 روپے 44 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جب کہ گزشتہ 15 روز کے لیے یہ قیمت 275 روپے 42 پیسے فی لیٹر مقرر تھی۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق، عالمی منڈی میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور روپے کی قدر میں کمی اس اضافے کی بڑی وجوہات قرار دی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ رجحان برقرار رہا تو آئندہ پندرہ روز میں مزید اضافہ بھی ممکن ہے۔